میرے ٹیکس کا پیسہ تعلیم پر خرچ ہو فوج پر نہیں
بھارتی فنکار پٹنائک کا بنایا ہوا مودی اور نواز شریف کا یہ ریت کا فنپارہ پوری کے ساحل پر بنایا گیا جس پر لکھا ہے ’امن کو ایک موقع ملا‘
پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف براداری میں شرکت کا فیصلہ کرنے پر جہاں ہر طرف سے مبارک سلامت وصول ہو رہی ہے وہیں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے تندو تیز حملوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک بڑی اکثریت نے اس دورے کی حمایت کی جیسا کہ زبیر فیصل عباسی نے ٹویٹ کی کہ ’لگتا ہے کہ پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف کے دورۂ بھارت پر مکمل سیاسی اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے تاکہ وہ حالات اور ماحول کا جائزہ لے سکیں۔‘
دوسری جانب عثمان غنی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نوازشریف کے دورۂ بھارت کی حمایت کرتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے ٹیکس کا پیسہ میرے بچوں کی تعلیم پر خرچ ہو نہ کہ فوج پر۔ یہ سمجھنا کتنا مشکل ہے؟‘
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’وزیراعظم نواز شریف کے دورۂ بھارت نے خطے میں امن کے لیے ایک مثبت پیغام بھجوایا ہے تمام سیاسی جماعتوں کو اس خوش آمدید کہنا چاہیے اور اس کی حمایت کرنی چاہیے۔‘
بھارتی صحافی کنل موجمدار نے ٹویٹ کی کہ ’پاکستانی تناظر میں نواز شریف کا وزیراعظم مودی کی حلف برداری دورۂ بھارت خوش آئند ہے مگر اب تک صرف ایک قدم ہے۔‘

Post a Comment